
اسلام آباد، 15 مئی: کمپٹیشن ایپلٹ ٹربیونل نے اشتہارات میں مکمل اور واضح معلومات فراہم نہ کرنے پر کمپٹیشن کمیشن کے ڈائمنڈ پینٹس گمران کن مارکیٹنگ کے فیصلہ کو برقرار رکھتے ہوئے، کمپنی کی اپیل نمٹا دی ہے۔ تاہم ڈائمنڈ پینٹس کی جانب سے آئندہ قانون پر مکمل عملدرآمد کے اقرار نامے اور نرمی کی درخواست پر، ٹربیونل نے کمیشن کے عائد کردہ پچاس لاکھ روپے کے جرمانہ کو کم کر کے 25 لاکھ روپے کر دیا ہے۔ ٹربیونل نے کمپنی کے مثبت رویے کو سراہتے ہوئے اپیل نمٹا دی اور جرمانے میں کمی کر دی۔
کمپٹیشن کمیشن کو شکایت موصول ہوئی تھی کہ ڈائمنڈ پینٹس نے اپنی ٹی وی کمرشلز میں پینٹ کی بالٹیوں میں موجود ریڈیم ایبل ٹوکن کی موجودگی اور ان کی مالیت کے بارے میں مکمل معلومات فراہم نہیں کرتا ۔ اس بارے میں انکوائری میں واضح ہوا کہ اگرچہ کمپنی نے اپنی پیکجنگ اور شیڈ کارڈز پر ٹوکن کو موجودگی کے ڈس کلیمرز دے رکھے تھے ، لیکن پینٹ کے ٹی وی اشتہارات میں یہ معلومات موجود نہیں تھیں۔ کمپٹیشن کمیشن نے قرار دیا کہ ایسی جزوی معلومات صارفین کو گمراہ کرتی ہیں اور ان کے باخبر فیصلے کے حق کی خلاف ورزی ہے۔
کمپٹیشن کمشین نے اس اہم معلوماتے کو چھپانے پر کمپنی پر پچاس لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔ کمپٹیشن کمیشن نے واضح کیا کہ اشتہارات میں شفافیت صارفین کے باخبر فیصلوں کے لیے انتہائی اہم ہے، خاص طور پر جب کسی پراڈکٹ میں پروموشن اسکیمز یا کوپن جیسی پیشکش شامل ہوں، جو خریداری کے فیصلے کو متاثر کر سکتی ہیں۔
