اسلام آباد (ترجمان): تھانہ بھارہ کہو کے ایک منشیات کیس میں گرفتار ملزم خرم مسیح جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کیے جا رہے تھے کہ جیل کے دروازے پر ان کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی۔ جیل حکام نے فوری طور پر ملزم کو اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت دی، تاہم وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گئے۔
ترجمان کے مطابق خرم مسیح کو منشیات کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا اور آج عدالت کی جانب سے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جا رہا تھا۔ جیل منتقلی سے قبل ملزم کا طبی معائنہ کر کے "Fit For Judicial” کا سرٹیفیکیٹ بھی حاصل کیا گیا تھا۔
واقعے کے بعد حکام نے قانونی ضابطے کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ خرم مسیح کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے میڈیکل بورڈ کی زیر نگرانی پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام تر قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ موت کی اصل وجہ سامنے آ سکے۔