*تھرپارکر: ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر پھٹنے سے 9 افراد جاں بحق، 4 زخمی*

تھرپارکر میں نگرپارکر کے علاقے ڈانو دھاندل میں ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر پھٹنے سے دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق بی ایچ یو پلس میں کھڑی پی پی ایچ آئی ایمبولینس میں سلنڈر تبدیل کرتے ہوئے آگ لگی جس سے دھماکا ہوا۔ ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین، جسونت، اسحاق تھیبو، پاندھی راجڑ، دھنوں میگھواڑ اور دیگر شامل ہیں، زخمیوں کو سول اسپتال مٹھی منتقل کر دیا گیا۔
ایس ایس پی تھرپارکر نے کہا کہ دھماکے میں ایمبولینس مکمل طور پر تباہ ہو گئی، واقعے کی تحقیقات کے لیے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔



