*پٹرولیم قیمتوں کا تعین دوبارہ 15 روزہ بنیاد پر کرنے کا امکان*

پٹرولیم قیمتوں کا تعین دوبارہ 15 روزہ بنیاد پر کرنے کے حوالے سے متعلقہ حکام کا بڑا بیان سامنے آگیا۔
پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے سیکریٹری اور اسپیشل سیکریٹری پٹرولیم سے ملاقات میں پٹرولیم قیمتوں کی تبدیلی کا سابقہ 15 روزہ نظام بحال کرنے کا مطالبہ دہرایا ہے۔
ملاقات میں پٹرول پمپ مالکان نے یومیہ بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یومیہ نظام سے کاروباری استحکام متاثر ہو رہا ہے۔
اس موقع پر پٹرولیم حکام نے پمپ مالکان کے مسائل کو غور سے سنا اور جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔ پٹرولیم ڈویژن کے حکام نے یومیہ تبدیلی کے نظام کو دوبارہ 15 روزہ بنیاد پر کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں رواں برس فروری تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل ہر 15 دن بعد کیا جاتا تھا، تاہم ایران جنگ کے باعث تیل کے بحران کے بعد حکومت نے پہلے اس نظام کو ہفتہ وار اور بعد میں یومیہ بنیاد پر کر دیا تھا۔



