امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایڈم ٹیلی کو قائم مقام امریکی آرمی سیکرٹری مقرر کر دیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ انہوں نے آرمی کے سول ورکس کے اسسٹنٹ سیکرٹری ایڈم ٹیلی کو قائم مقام امریکی آرمی سیکرٹری مقرر کیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایڈم ٹیلی اس وقت فوج کے سول ورکس کے شعبے میں معاون وزیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہیں حال ہی میں مستعفی ہونے والے ڈین ڈرسکول کی جگہ تعینات کیا گیا ہے۔
ڈین ڈرسکول نے وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے ساتھ اختلافات کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ تاہم انہوں نے استعفے کی کوئی واضح وجہ بیان نہیں کی تھی، جبکہ امریکی فوج نے بھی اس معاملے پر فوری طور پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا تھا۔
اس سے قبل پیٹ ہیگسیتھ نے اپریل میں اچانک جنرل رینڈی جارج کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ بعد ازاں یورپ اور افریقا میں تعینات امریکی فوج کے کمانڈر جنرل کرسٹوفر ڈونا ہیو نے بھی جون میں غیر متوقع طور پر استعفیٰ دے دیا تھا۔