مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اپنی سیاسی حیثیت کھو چکی ہے اور موجودہ قیادت پارٹی کو اس کا سابقہ مقام واپس دلانے میں ناکام رہی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ آصف زرداری قابل احترام شخصیت ہیں، تاہم ان سمیت موجودہ قیادت پیپلزپارٹی کو دوبارہ مضبوط سیاسی مقام دلانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام مفلوج ہو چکا ہے اور مربوط بلدیاتی نظام یا انتظامی یونٹس کے بغیر ملک کا نظام مؤثر انداز میں نہیں چلایا جا سکتا۔ اگر جمہوریت پر یقین ہے تو اس کا عملی اظہار نچلی سطح تک بھی ہونا چاہیے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کو گزشتہ دو، تین سال کے دوران اختیار کیے گئے رویے میں کچھ تبدیلی لانا ہوگی۔ سوشل میڈیا پر استعمال ہونے والی زبان سب کے سامنے ہے اور موجودہ ٹیکنالوجی کے دور میں کوئی چیز چھپانا ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک بیٹھ کر بات کرنے کے بجائے بانی پی ٹی آئی کے بچوں کو پاکستان آ کر اپنے والد سے ملاقات کرنی چاہیے، کیونکہ انہیں ملاقات سے کسی نے نہیں روکا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے کسی بھی قومی مسئلے پر موجودہ نظام کے اندر رہتے ہوئے مؤثر انداز میں بات نہیں کی۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کے نمائندے جب سامنے آتے ہیں تو صرف بانی پی ٹی آئی کے معاملے پر بات کرتے ہیں، جبکہ اس طرزِ سیاست سے معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے۔