واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ معاملات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی حالیہ ملاقاتیں خوشگوار اور تعمیری رہیں۔
ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی وفد کے ساتھ اچھی ملاقاتیں ہوئیں اور دونوں فریق مختلف امور پر بات چیت کے ذریعے پیش رفت کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں کیونکہ سیاسی اور معاشی استحکام کا انحصار بھی علاقائی امن و سلامتی پر ہے۔
امریکی صدر نے ایک بار پھر اپنے دیرینہ مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور اسے جوہری ہتھیاروں سے دستبردار ہونے کے راستے پر آگے بڑھنا ہوگا۔
معیشت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی آ رہی ہے، جو معیشت کے لیے مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹاک مارکیٹ میں بہتری نہ صرف امریکا بلکہ دنیا کے دیگر ممالک کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔
امریکی صدر نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ سفارتی کوششوں اور علاقائی تعاون کے ذریعے خطے میں پائیدار امن اور اقتصادی استحکام کے لیے مزید مثبت پیش رفت ممکن ہو سکے گی۔