عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق متحدہ عرب امارات نے ایران کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں خطرناک اشتعال انگیزی قرار دیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ اپنی خودمختاری اور سلامتی کو متاثر کرنے والی کسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
فیصل آباد: سی سی ڈی کا مبینہ پولیس مقابلہ، 4 ڈاکو ہلاک، چار فرار
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایرانی حملے کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہیں اور یہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
متحدہ عرب امارات نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے 15 میزائل اور ڈرونز کو فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا گیا، جبکہ ایک ڈرون سمندر میں گر گیا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ دو ڈرون متحدہ عرب امارات کے صنعتی علاقے فجیرہ میں ایک آئل تنصیب پر گرے، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا اور شدید آگ بھڑک اٹھی، اس واقعے میں تین غیر ملکی زخمی ہوئے جن کا تعلق بھارت سے ہے۔
دوسری جانب ایران نے متحدہ عرب امارات کے اس بیان پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا، تاہم ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے نے ایک سینیئر اہلکار کا بیان جاری کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کا متحدہ عرب امارات پر حملے کا کوئی ارادہ نہ تھا اور نہ ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
ایرانی خبر رساں ادارے نے یہ بیان دینے والے اہلکار کا نام بھی ظاہر نہیں کیا۔