امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
رائٹرز اور اپسوس کے ایک حالیہ سروے کے مطابق امریکا کے صرف 34 فیصد ووٹرز ٹرمپ کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، جبکہ 15 سے 20 اپریل کے دوران کیے گئے پچھلے سروے میں یہ شرح 36 فیصد تھی۔
یہ سروے ٹرمپ پر ہونے والے حملے سے پہلے کیا گیا تھا۔ گزشتہ سال جنوری میں جب ٹرمپ نے صدارتی عہدے کا حلف اٹھایا تھا، اس وقت 47 فیصد امریکی ووٹرز ان کی کارکردگی سے مطمئن تھے۔
28 فروری کو ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملے کے بعد اور اس کے نتیجے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ٹرمپ کی مقبولیت میں مسلسل کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے عوامی اطمینان کی شرح اس سے بھی کم ہے، اور صرف 22 فیصد امریکی شہری اس معاملے پر ٹرمپ کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
تاہم ری پبلکن ووٹرز میں 78 فیصد افراد اب بھی صدر ٹرمپ کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وہ شہری جو خود کو کسی بڑی جماعت سے وابستہ نہیں کرتے، ان میں سے 34 فیصد ڈیموکریٹک پارٹی جبکہ 20 فیصد ری پبلکن پارٹی کی حمایت کرتے ہیں۔
امریکا میں ایران کے ساتھ جاری تنازع کے حوالے سے بھی عوامی حمایت محدود ہے، جہاں صرف 34 فیصد ووٹرز اس کے حق میں ہیں، جبکہ اپریل کے وسط میں یہ شرح 36 فیصد تھی۔