ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کے دوران مختلف تجاویز پر تہران کا باضابطہ جواب پیش کر دیا ہے۔
ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ایران کی جانب سے دیا گیا یہ جواب جامع نوعیت کا ہے، جس میں تہران کے تمام اہم تحفظات اور غور و فکر شامل ہے۔
ملیریا قابلِ علاج مگر خطرناک مرض ہے، بروقت تشخیص ضروری ہے: وزیراعلیٰ سندھ
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان خطے میں مختلف سفارتی کوششوں کے ذریعے فریقین کے درمیان رابطے اور مذاکرات کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ ایرانی سفارتخانے کے مطابق ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے اپنی پہلی باضابطہ ملاقات فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کی۔
اس ملاقات میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور قومی سلامتی کے مشیر جنرل عاصم ملک بھی شریک تھے، جبکہ ایران کے نائب وزیرِ خارجہ غریب آبادی اور اسلام آباد میں ایران کے سفیر امیری مقدم بھی موجود تھے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی آج وزیرِاعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے، جس کے بعد وہ آج ہی پاکستان سے روانہ ہو جائیں گے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ ایرانی وفد کا فی الحال پاکستان میں مزید قیام کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
مزید برآں عباس عراقچی اپنے وفد کے ہمراہ عمان اور روس کے دورے پر بھی جائیں گے۔