اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ گلگت بلتستان کا شفافیت کے فروغ اور بدعنوانی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ گلگت بلتستان تمام سرکاری اداروں میں شفافیت کو یقینی بنانے اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ اسی سلسلے میں فوڈ ڈیپارٹمنٹ سے متعلق مختلف نوعیت کے مقدمات اور انکوائریز زیرِ تفتیش ہیں۔
گلگت بلتستان کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کی جائدادوں کی چھان بین کا عمل شروع کیا جا چکا ہے، جبکہ چیف سیکریٹری آفس سے موصول ہونے والے ایک ریفرنس، جس میں فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے دو ملازمین کے خلاف سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، پر بھی قانون کے مطابق تحقیقات جاری ہیں۔
بدقسمتی سے بعض عناصر ان انکوائریز اور اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی تحقیقاتی ٹیموں پر اثرانداز ہونے کے لیے منفی ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا کے ذریعے ان تحقیقات کو متنازع بنانے اور انہیں ذاتی بنیادوں پر قائم کارروائیاں ظاہر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ واضح کرنا چاہتا ہے کہ ایسے منفی پروپیگنڈے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے عمل کو متاثر نہیں کر سکتے۔ ادارہ مکمل میرٹ، قانون اور شفافیت کے اصولوں کے مطابق اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا اور بدعنوان عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزید برآں، سوشل میڈیا پر جاری منفی مہم کے ذریعے تحقیقات پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرنے والے عناصر کے خلاف بھی قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور قانون کے مطابق انہیں بھی جوابدہ بنایا جائے گا۔