دشمن کے پراکسی نیٹ ورکس کو پاکستان کے امن سے کھیلنے نہیں دیں گے: فیلڈ مارشل
(سٹاف رپورٹر/نیوز ڈیسک):پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے فارغ التحصیل افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج بدلتی ہوئی جنگی نوعیت اور جدید تقاضوں کے مطابق اپنی حکمت عملی، صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ تیاری کو مسلسل جدید بنا رہی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی مستقبل کی عسکری اور سول قیادت کی اعلیٰ معیار کی تربیت میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، جو قومی سلامتی اور ریاستی اداروں کی مضبوطی کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے جنگ کے بدلتے ہوئے انداز میں اسٹریٹجک وضاحت، مؤثر منصوبہ بندی اور پیشہ ورانہ تیاری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمن خفیہ ایجنسیاں ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، تاہم پاکستان ان تمام سرگرمیوں سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور دشمن کے پراکسی نیٹ ورکس کو ملک کے امن، استحکام اور معاشی ترقی کو نقصان پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو ریاست کی پوری طاقت سے کچل دیا جائے گا، جبکہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ جنگیں میڈیا کی بیان بازی یا سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط سے جیتی جاتی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بلند حوصلے اور مکمل آپریشنل تیاری پر انہیں مکمل اعتماد ہے اور افواج ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔