وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان رابطہ، دونوں رہنماؤں کا ایران امریکا معاہدےکے اگلے مرحلےکو کامیابی سے بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں ایران امریکا معاہدے کے اگلے مرحلے کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق سعودی ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف کو ایران امریکا معاہدے پر مبارکباد دی جبکہ وزیراعظم نے بھی سعودی ولی عہد کو اسلام آباد امن معاہدے پر دستخط ہونے پر مبارکباد پیش کی۔
ایف بی آر نے فیلڈ دفاتر کے اوقات کار میں خصوصی توسیع کا اعلان کر دیا
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کوششوں سے امن معاہدہ کامیابی سے طے پایا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایران امریکا معاہدے کے اگلے مرحلے کو بھی کامیابی سے آگے بڑھایا جائے گا اور مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف مکمل چوکنا رہا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ایک جامع اقتصادی پیکج کو حتمی شکل دے کر جلد اس پر دستخط کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے ولی عہد کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دہرائی۔
دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں قریبی رابطے اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا جبکہ اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ایران امریکا تنازع کے باقی ماندہ مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔
وزیراعظم نے بحران کے دوران سعودی عرب کی حمایت اور قیادت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ولی عہد کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔