بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات شامل کئے جا رہے ہیں: وزیراعظم
وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملک کے معروف صنعتکاروں اور ممتاز کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی۔ یہ ملاقات ملک کی مجموعی معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے اور مالی سال 2026-27 کے بجٹ کے حوالے سے کاروباری برادری سے مشاورت کے تناظر میں ہوئی۔
وزیرِ اعظم نے وفد کو خوش آمدید کہا اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ پاکستان کے سفیر اور دنیا میں ہماری پہچان ہیں۔ مشکل معاشی حالات میں حکومت کا ساتھ دینے پر انہوں نے کاروباری برادری کا شکریہ ادا کیا۔
پنجاب حکومت کا گلگت بلتستان کیلئے 6 کلینک آن ویلز کا تحفہ
انہوں نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبے کی مضبوط شراکت داری معاشی ترقی کی ضمانت ہے۔ پاکستان کی معیشت کے حوالے سے پالیسی سازی میں کاروباری برادری سے مشاورت انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ برآمدات پر مبنی ترقی کی راہ پر گامزن ہیں اور یہی معاشی پالیسی کا محور ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ غیر رسمی معیشت کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات شامل کیے جا رہے ہیں۔ کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت مستحکم ہوئی ہے اور بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ ایسی صنعتوں کے فروغ کے لیے کوششیں جاری ہیں جن سے ملکی پیداوار میں اضافہ ہو، برآمدات بڑھیں اور روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ صنعت، زراعت اور معلوماتی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی سے معیشت کو مزید استحکام ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ نوجوانوں کے لیے فنی اور تکنیکی تربیت کے پروگرام شروع کیے گئے ہیں تاکہ انہیں روزگار کے مواقع میسر آئیں اور وہ قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
وفد کو کاروبار، صنعت اور تجارت کے فروغ کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
وفد نے خطے میں امن کی بحالی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر وزیرِ اعظم اور ان کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ کاروباری رہنماؤں نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں معاشی بحالی کے سفر اور بہتر مالیاتی نظم و نسق پر اعتماد کا اظہار کیا۔
وفد نے ملکی معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنے اور کاروبار و سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
کاروباری رہنماؤں نے ڈیجیٹل ادائیگیوں اور دستاویزی معیشت کے فروغ کے حکومتی وژن کو سراہا۔ انہوں نے ٹیکس اصلاحات اور کاروباری آسانیوں کے اقدامات کا خیرمقدم کیا۔
کاروباری رہنماؤں نے صنعتوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں کمی، برآمدی ترقیاتی لیوی کے خاتمے اور ٹیکس ریفنڈ کی بروقت ادائیگیوں پر وزیرِ اعظم سے اظہارِ تشکر کیا۔ شرکاء نے آئندہ بجٹ کی تیاری میں کاروباری برادری کو اعتماد میں لینے کے اقدام کو بھی سراہا۔
اس موقع پر کاروباری رہنماؤں نے قومی معیشت کی مضبوطی اور بجٹ سے متعلق اپنی تجاویز وزیرِ اعظم کو پیش کیں۔
کاروباری برادری نے معاشی بحالی اور ترقی کے لیے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وفد کے شرکاء نے صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حکومتی عزم کو سراہا۔
وفد میں میاں محمد منشاء، عارف حبیب، عاطف باجوہ، محمد علی تبہ، مصدق ذوالقرنین، زیاد بشیر، شہزاد سلیم، زیلاف منیر، عمر سعید، عمر منشاء، یوسف سعید، کامران ارشد، خرم مختار، آصف پیر، سلطان گوہر اعجاز، فواد انور، ذوالفقار حیات، جاوید اقبال، یوسف حسین، عامر ابراہیم، خواجہ مسعود اختر اور اعجاز نبی شامل تھے۔