دنیا میں امن کیلئے پاکستان نے بھرپور کردار ادا کیا اور کر رہا ہے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے دوران پاکستان نے خطے اور دنیا میں امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کیا اور اب بھی کر رہا ہے، اور انہیں امید ہے کہ جاری مذاکرات مستقل امن کی شکل اختیار کریں گے اور خطے میں استحکام آئے گا۔
اسلام آباد میں بین الاقوامی پیغامِ اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ امریکا اور ایران کی قیادت پاکستان کی دعوت پر اسلام آباد آئی، اور 1979 کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت ایک ہی جگہ پر بیٹھی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امن مذاکرات میں بھرپور کردار ادا کیا، اور پاکستان آئندہ بھی امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
لاہور ہائیکورٹ میدان جنگ بن گیا، دو گروپس آپس میں لڑ پڑے
وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کے پروجیکٹ فریڈم کو روکنے کے جرات مندانہ فیصلے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل نے دونوں فریقین کو ایک میز پر لانے میں اہم کردار ادا کیا اور ان کی کوششیں تاحال جاری ہیں، جبکہ اسحاق ڈار اس دوران دونوں ممالک کی قیادت کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے خطے اور دنیا میں امن کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا، اور انہیں امید ہے کہ جاری بات چیت دیرپا امن پر منتج ہوگی، خطے میں استحکام آئے گا اور مزید انسانی جانوں کا ضیاع نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ علماء کرام کو چاہیے کہ وہ معاشرے میں اتفاق اور اتحاد کو فروغ دیں، اور واضح کیا کہ دہشت گرد مسلمان کہلانے کے مستحق نہیں ہیں۔