ایران کے ساتھ ایک یا دو دن میں معاہدہ؟ ٹرمپ نے اہم پیشرفت کااشارہ دیدیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں اہم پیشرفت کااشارہ دیدیا۔
ایک امریکی نیوز ویب سائٹ کو دیئے گئے ٹیلی فونک انٹرویو میں صدر ڈونلڈٹرمپ نے کہاکہ ایران کے ساتھ ایک یا دو دن میں معاہدہ طے پانے کا امکان ہے،امریکا اور ایران کے مذاکرات کار ممکنہ طور پر اسی ہفتے کے آخر میں ملاقات کریں گے جہاں ایک حتمی معاہدے کو شکل دی جا سکتی ہے۔
ٹرمپ کاکہناتھاکہ یہ ممکنہ معاہدہ نہ صرف خطے میں کشیدگی کم کرے گا بلکہ اسرائیل کی سیکیورٹی کو بھی یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
امریکی صدرکا لبنان کی صورتحال کے حوالے سے کہناتھا وہ چاہتے ہیں کہ لبنان میں اسرائیلی حملے جنگ بندی کے حصے کے طور پر فوری بند ہوں، اسرائیل کو اپنی کارروائیاں روکنا ہوں گی، اسرائیل عمارتوں کو تباہ کرنے کا سلسلہ جاری نہیں رکھ سکتا اور امریکا اس کی اجازت نہیں دے گا۔ٹرمپ کے اس بیان کو خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں اہم سفارتی اشارہ قرار دیا جا رہا ہے،تجزیہ کاروں کے مطابق اگر ایران اور امریکا کے درمیان معاہدہ طے پا جاتا ہے تو یہ مشرق وسطیٰ میں امن کی جانب ایک بڑی پیش رفت ہو سکتی ہے۔