پاکستان ہماری منزل ہے, وزیر اعظم آزاد کشمیر
مظفر آباد: وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 فروری کو وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی آزادکشمیر میں موجودگی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ سپہ سالار پاک فوج جنرل عاصم منیر کی آزادکشمیر میں "یادگار شہدا” مظفر آباد آمد نے مقبوضہ کشمیر میں یہ پیغام پہنچایا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کشمیری عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گی۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے دوٹوک انداز میں کہا کہ "پاکستان ہماری منزل ہے اور پاکستان ہی بھارت کے توسیع پسندانہ اقدامات کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔”
چوہدری انوار الحق نے عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی جنگی جرائم کا فوری نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بیانیے کی جنگ کے اس دور میں پاکستان کا استحکام کشمیریوں کی اولین ترجیح ہے اور بھارتی ہندوتوا نواز قیادت جو واویلا کر رہی ہے، اس کے پیچھے پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی قوت اور محبت کھڑی ہے۔ انہوں نے بھارتی فوج کے سربراہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مزید فوجی طلب کرنے کی بات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی بربریت کا نوٹس عالمی برادری کو لینا چاہیے۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی حکومت کے آزادکشمیر کے لیے معاشی امداد کو سراہا، اور کہا کہ گزشتہ حکومت نے آزادکشمیر کی مدد کے لیے 11 ارب روپے کی خطیر رقم فراہم کی تھی۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان کا شکر گزار ہوتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے آزادکشمیر کے عوام کے لیے معاشی ریلیف فراہم کیا ہے، جیسے کہ سستی بجلی اور آٹا، جو وزیر اعظم پاکستان کی شفقت کا نتیجہ ہے۔
چوہدری انوار الحق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی موجودگی کے باوجود امن قائم نہیں ہو پا رہا، اور اس بات کا واضح پیغام ہے کہ کشمیری عوام اپنی آزادی کے لیے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق نہیں نکلتا، اس خطے میں دیرپا امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
آخر میں وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے عسکری طور پر بین الاقوامی مسلمہ قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو اپنی جدوجہد جاری رکھنی ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کی درخواست کی اور کہا کہ 24 کروڑ پاکستانی عوام اور مسلح افواج کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہیں۔