لاہور ایکسپو سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ لوگ کتابوں کی جانب توجہ دے رہے ہیں۔ کسی بھی معاشرے کی بہتری اس کی تعلیم سے وابستہ ہوتی ہے اور تعلیم کے فروغ سے ریاست میں بھی بہتری آئے گی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی کتابوں اور مطالعے کے فروغ کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ 1973 کے آئین میں واضح طور پر درج ہے کہ اختیارات کی طاقت عوام کے پاس ہونی چاہیے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے ریفرنڈم کی بات کی ہے، میرا خیال ہے کہ اس معاملے پر ریفرنڈم کروا لینا چاہیے۔
صوبوں پر ریفرنڈم ہو بھی جائے تو معاملہ پارلیمنٹ نے طے کرنا ہے: رانا ثنا اللہ
ملک احمد خان نے کہا کہ اگر عوام کی رائے ہے کہ نئے صوبے بننے چاہئیں تو بنائے جائیں اور اگر عوام صوبوں کے قیام کے حق میں نہیں تو ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ سندھ میں پیپلز پارٹی خود کو عوام کا نمائندہ قرار دیتی ہے، لہٰذا اگر سندھ کے عوام نئے صوبوں کے قیام کے حق میں رائے دیتے ہیں تو اس کے مطابق فیصلہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی چوہدری سالک حسین سے بھی بات ہوئی ہے، جنہوں نے کہا کہ انہوں نے کرپشن کے حوالے سے اپنا بیان دیا ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ اب تیرے میرے کی بحث ختم ہوتی جا رہی ہے اور لوگوں کے اصل مسائل زیادہ اہمیت اختیار کر رہے ہیں۔ ملک کو دہشت گردی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومتیں کتب بینی کے رجحان کو زندہ رکھنا چاہتی ہیں تو کتابوں پر عائد ٹیکسز میں کمی کرنی چاہیے۔
ملک احمد خان نے کہا کہ گزشتہ 70 سے 80 سال کے دوران دیہی علاقوں میں لوگوں کو انسان تک نہیں سمجھا جاتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ دو لوگوں کے پاس ہے، جبکہ وسائل کی تقسیم کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی ترقی سیاسی جدوجہد سے وابستہ ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو ایک جاندار مقرر کے طور پر دیکھا ہے، تاہم دہشت گردی کے معاملے پر مولانا کو سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن عناصر کو ہم خارجی قرار دے رہے ہیں، ان کے فٹ پرنٹس کا جائزہ لیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تھری ایم پی او کے تحت ایک حکم جاری کیا گیا، جس کے نتیجے میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو نظر بند کیا گیا۔



