Gas Leakage Web ad 1

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول ایک بار پھر معطل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 20 دسمبر 2026 کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول 26 نومبر تک معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سمیت متعلقہ فریقین سے جواب طلب کر لیا۔

0

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر التوا کا شکار ہو گئے ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق درخواست پر سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ انتخابی شیڈول معطل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

آج نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عمیر مجید ملک نے انتخابات رکوانے کے لیے دائر درخواست پر سماعت کے بعد حکم امتناع جاری کیا۔ عدالت کے فیصلے کے نتیجے میں 20 دسمبر 2026 کو شیڈول بلدیاتی انتخابات کا عمل متاثر ہو گیا ہے۔

عدالت عالیہ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے 21 اکتوبر کو جاری کردہ انتخابی شیڈول کا نوٹیفکیشن 26 نومبر تک معطل کر دیا ہے، جبکہ الیکشن کمیشن اور دیگر متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب طلب کر لیا ہے۔

عدالت کی جانب سے سماعت کا تحریری حکمنامہ بھی جاری کیا گیا، جس میں انتخابی شیڈول معطل کرنے کی درخواست منظور کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔

یہ درخواست شہری امجد علی نے ایڈووکیٹ عادل عزیز قاضی کے توسط سے دائر کی تھی۔ دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن قانونی طور پر منصفانہ، آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کا ذمہ دار ہے، تاہم موجودہ انتخابی عمل میں قانونی تقاضوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں آخری مرتبہ بلدیاتی انتخابات 2015 میں منعقد ہوئے تھے، جبکہ منتخب بلدیاتی حکومت کی مدت فروری 2021 میں ختم ہو گئی تھی۔

گزشتہ کئی برسوں کے دوران بلدیاتی قوانین میں متعدد ترامیم، یونین کونسلوں کی تعداد میں تبدیلی اور انتخابی شیڈول بار بار ملتوی ہونے کے باعث وفاقی دارالحکومت کے شہری مقامی سطح پر منتخب عوامی نمائندگی سے محروم ہیں۔

اب 26 نومبر کو متعلقہ فریقین کے جوابات جمع ہونے کے بعد کیس میں مزید قانونی پیش رفت متوقع ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.