معدنی وسائل کو قومی ترقی اور معاشی خوشحالی میں تبدیل کرنا ہوگا: فیلڈ مارشل
وفاقی دارالحکومت میں منعقدہ منرلز فورم سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کو خام معدنیات کی برآمد کے بجائے ریفائننگ، پروسیسنگ اور مینوفیکچرنگ سمیت مکمل ویلیو چین کی ترقی پر توجہ دینا ہوگی، جبکہ معدنی وسائل سے مقامی آبادیوں کو بھی براہِ راست فائدہ پہنچانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا مشترکہ قومی مقصد ہے۔ معدنی وسائل سے مالا مال علاقوں میں ترقی کے ثمرات مقامی آبادی تک پہنچانا اور ان کی زندگیوں میں واضح اور ٹھوس بہتری لانا ناگزیر ہے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز کا کہنا تھا کہ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے اور ان وسائل کو قومی ترقی اور معاشی خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے ایک مربوط حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات پر حکم امتناع، الیکشن کمیشن سے جواب طلب
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ معدنی شعبے کی ترقی کے حقیقی فوائد اسی وقت حاصل کیے جا سکتے ہیں جب معدنیات سے مالا مال علاقوں کے عوام بھی اس عمل میں شریک ہوں اور انہیں اپنی زندگیوں میں مثبت تبدیلی واضح طور پر محسوس ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مقصد صرف خام معدنیات برآمد کرنا نہیں بلکہ ریفائننگ، پروسیسنگ اور مینوفیکچرنگ سمیت مکمل ویلیو چین کو ملک کے اندر ترقی دینا ہے، تاکہ معدنی وسائل سے زیادہ سے زیادہ معاشی فوائد حاصل کیے جا سکیں اور ملک میں صنعتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ پاکستان ایسی طویل المدتی شراکت داریوں کو فروغ دینا چاہتا ہے جو ملک اور اس کے بین الاقوامی شراکت داروں کے لیے پائیدار معاشی قدر کا باعث بنیں۔ اس مقصد کے حصول کے لیے دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانے اور سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستانی عوام کی صلاحیتوں اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لوگ محنتی، دلیر اور پرعزم ہیں اور ان میں اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے قدرتی وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں، تاہم ان مواقع کو عملی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے پاکستانی عوام کی محنت، صلاحیت اور عزم بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو اب اپنی صلاحیتوں کو پیداوار، وعدوں کو عملی اقدامات اور خام معدنیات کی برآمد کو ویلیو ایڈڈ معاشی ترقی میں تبدیل کرنے کی جانب پیش رفت کرنا ہوگی۔
چیف آف ڈیفنس فورسز کا مزید کہنا تھا کہ معدنی شعبے کی ترقی کو قومی معیشت کے استحکام، صنعتی فروغ اور عوامی خوشحالی کا ذریعہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔



