برسوں سے کباڑ کا کام کرنے والا شخص اچانک کروڑ پتی بن گیا
گزشتہ 21 سال سے کباڑ جمع کرکے گزر بسر کرنے والا 71 سالہ شخص اچانک کروڑ پتی بن گیا۔

چینی شخص ریو کی قسمت اس وقت اچانک بدل گئی جب اسے معلوم ہوا کہ اس کے پنشن فنڈ میں 4 لاکھ 20 ہزار یوان، یعنی ایک کروڑ 73 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد رقم موجود ہے۔ چینی میڈیا کے مطابق ستمبر 2026 کے آخر میں ریو کو ایک بینک کارڈ موصول ہوا جو اس کے پنشن اکاؤنٹ سے منسلک تھا۔ کارڈ کے ذریعے اسے معلوم ہوا کہ اس کے اکاؤنٹ میں 4 لاکھ 24 ہزار 204 یوان موجود ہیں۔
ریو کو برسوں تک علم ہی نہیں ہوسکا تھا کہ اسے حکومت کی جانب سے پنشن مل رہی ہے۔ ریو نے کہا کہ اس نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ایسا ہوگا اور وہ حکام کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت پر شکر گزار ہے۔
مکہ دفاعی معاہد ےکے تحت پاکستان اور ترکیہ کا سعود ی عرب میں فوجی دستے اور دفاعی صلاحیتوں کی تعیناتی کا فیصلہ
ریو گزشتہ 21 سال سے صوبہ ہونان کے علاقے چنگڈو میں کباڑ جمع کرکے زندگی بسر کر رہا تھا۔ 2000 کی دہائی میں اسے حکومت کے زیرانتظام ایک دکان سے معاوضہ دے کر فارغ کیا گیا تھا، جہاں اس نے 30 سال تک کام کیا تھا۔
ملازمت سے نکالے جانے کے بعد ملنے والا معاوضہ تیزی سے ختم ہوگیا اور ریو قرضے میں ڈوب گیا، جبکہ رشتے داروں سے بھی اس کے جھگڑے ہونے لگے، جس کے باعث اس نے کباڑ جمع کرنا شروع کر دیا۔ بعد ازاں وہ چنگڈو منتقل ہوگیا اور تب سے وہیں مقیم ہے۔
2024 کے موسم سرما میں مقامی انتظامیہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے دریافت کیا کہ ریو ایک تباہ شدہ عمارت میں رہائش پذیر ہے۔ شروع میں ریو نے حکومتی پناہ گاہ میں منتقل ہونے کی تجویز مسترد کر دی، تاہم حکام کی جانب سے اسے اکثر روزمرہ کی اشیا فراہم کی جاتی رہیں اور بتدریج وہ حکومتی پناہ گاہ منتقل ہونے پر رضامند ہوگیا، جبکہ اس نے اپنی ذاتی تفصیلات بھی حکام سے شیئر کیں۔
حکام کے مطابق چین کی ریٹائرمنٹ پالیسیوں کے تحت ریو 2015 میں پنشن کی عمر کو پہنچ گیا تھا۔ اس کی ماہانہ پنشن 3700 یوان ہے، جو گزشتہ 10 برس سے زائد عرصے کے دوران جمع ہو کر 4 لاکھ 20 ہزار یوان سے زیادہ ہوگئی۔
غربت کے باعث ریو کے پاس موبائل فون بھی نہیں تھا، اس لیے اسے علم ہی نہیں تھا کہ حکومت کی جانب سے اسے پنشن فراہم کی جا رہی ہے۔ حکام کی جانب سے بینک کارڈ دیے جانے کے بعد ریو کو اپنے اکاؤنٹ میں جمع ہونے والی پنشن کا علم ہوا۔
اب ریو نے چنگڈو میں ایک فلیٹ کرائے پر لینے کا منصوبہ بنایا ہے۔



