وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے فری لانسنگ اور آئی ٹی سنٹر کا افتتاح کردیا
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے گلگت پریس کلب میں اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کے تعاون سے قائم فری لانسنگ اور آئی ٹی سنٹر کا افتتاح کردیا۔ تقریب میں سیکریٹری اطلاعات رحمان شاہ، محکمہ اطلاعات کے افسران، پریس کلب و یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداران اور مختلف میڈیا ہاؤسز سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ امجد حسین نے فری لانسنگ سنٹر کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحافت ریاست کا اہم ستون ہے اور مضبوط و آزاد میڈیا معاشرے کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان میں صحافت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایس سی او کے تعاون سے قائم سنٹر صحافیوں اور نوجوانوں کو ڈیجیٹل جرنلزم، فری لانسنگ اور جدید آئی ٹی مہارتیں سیکھنے کے مواقع فراہم کرے گا، جنہیں بروئے کار لا کر وہ بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوا سکتے ہیں اور گلگت بلتستان کا مثبت تشخص اجاگر کرسکتے ہیں۔
امجد حسین نے ورکنگ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے انڈومنٹ فنڈ کے قانونی تقاضے فوری مکمل کرنے اور فنڈ کی رقم بینک میں منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کو آئندہ کابینہ اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کرنے اور اس کے لیے بجٹ مختص کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعلیٰ نے میڈیا مالکان پر زور دیا کہ حکومت کی مقرر کردہ کم از کم اجرت کی پالیسی کے تحت صحافیوں کو معاوضہ دیا جائے۔ انہوں نے میڈیا اداروں کی مالی مشکلات کے پیش نظر اشتہارات کے بجٹ میں اضافے پر غور کرنے کا بھی عندیہ دیا۔ تقریب کے اختتام پر گلگت پریس کلب اور گلگت یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے مہمانوں کو یادگاری تحائف پیش کیے گئے۔



