Gas Leakage Web ad 1

گلگت بلتستان کو ہیپاٹائٹس سی سے پاک کرنے کا عزم، تمام اضلاع میں مفت اسکریننگ اور علاج کی سہولیات فراہم

0

گلگت: صوبائی وزیر اطلاعات و منصوبہ بندی سید جلال علی شاہ نے اپنے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کا ویژن ’’ہیپاٹائٹس سی سے پاک گلگت بلتستان‘‘ صوبے کے عوام کے صحت مند اور محفوظ مستقبل کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اس تاریخی اور عوامی مفاد کے منصوبے کے تحت صوبائی حکومت وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون سے گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں ہیپاٹائٹس سی کی مفت اسکریننگ اور علاج کی سہولیات کامیابی سے فراہم کر رہی ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

وزیر اطلاعات نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت کے اشتراک سے شروع کیے گئے اس پروگرام کا بنیادی مقصد گلگت بلتستان کے دور دراز علاقوں سمیت صوبے کے تمام شہریوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ اس مہم کے تحت نہ صرف شہریوں کی ہیپاٹائٹس سی کے حوالے سے مفت اسکریننگ اور ٹیسٹنگ کی جا رہی ہے بلکہ مرض کی تشخیص ہونے کی صورت میں مریضوں کو مکمل اور معیاری علاج کے ساتھ ضروری ادویات بھی بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہیں۔
آنتوں میں پایا جانے والا عام بیکٹیریا بڑی آنت کے کینسر کا سبب کیسے بنتا ہے؟ سائنسدانوں نے اہم راز دریافت کرلیا
سید جلال علی شاہ نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے خود اپنا ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ ٹیسٹ کروا کر عوامی قیادت کی ایک مثال قائم کی ہے۔ ان کے اس اقدام سے ظاہر ہوتا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کی صحت و تندرستی کے تحفظ اور موذی بیماریوں کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

وزیر اطلاعات نے معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ ہیپاٹائٹس سی سے پاک گلگت بلتستان کی اس مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے علماء کرام اور مذہبی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ منبر و محراب کے ذریعے عوام میں ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کی اہمیت اور اس حوالے سے آگاہی پیدا کریں۔ اسی طرح سول سوسائٹی اور نوجوانوں سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ فیلڈ ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور عوام کو طبی مراکز تک پہنچنے کی ترغیب دیں۔ انہوں نے عام شہریوں سے بھی درخواست کی کہ وہ بلا جھجھک اور کسی تاخیر کے بغیر اپنے قریبی سرکاری طبی مراکز کا رخ کریں اور اپنا اور اپنے اہل خانہ کا اسکریننگ ٹیسٹ کروائیں۔

اپنے بیان کے اختتام پر صوبائی وزیر اطلاعات و منصوبہ بندی سید جلال علی شاہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہیپاٹائٹس سی جیسے موذی مرض پر قابو پانے کے لیے بروقت تشخیص انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ اگر بیماری کی ابتدائی مرحلے میں ہی نشاندہی ہو جائے تو مفت علاج کے ذریعے مریض مکمل صحت یاب ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام شہریوں کے تعاون اور مشترکہ کوششوں سے ان شاء اللہ گلگت بلتستان کو ہیپاٹائٹس سی سے مکمل طور پر پاک کرنے کا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.