آنتوں میں پایا جانے والا عام بیکٹیریا بڑی آنت کے کینسر کا سبب کیسے بنتا ہے؟ سائنسدانوں نے اہم راز دریافت کرلیا
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے بیکٹیریا کے زہریلے مادے اور آنتوں کے خلیات کے درمیان تعلق کا سراغ لگا لیا، نئی تحقیق سے مستقبل میں کینسر کی روک تھام اور علاج کی امید پیدا ہوگئی۔
امریکا: طبی سائنس کی دنیا میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں امریکی ریاست میری لینڈ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے اس راز کا سراغ لگا لیا ہے کہ آنتوں میں پایا جانے والا ایک عام بیکٹیریا بڑی آنت کے کینسر کی تشکیل میں کس طرح کردار ادا کرسکتا ہے۔

تحقیق کے مطابق Bacteroides fragilis نامی بیکٹیریا کی بعض اقسام ایک زہریلا مادہ خارج کرتی ہیں، جسے BFT کہا جاتا ہے۔ یہ مادہ بڑی آنت کی حفاظتی تہہ کو نقصان پہنچاتا ہے، سوزش پیدا کرتا ہے اور ٹیومر کی تشکیل کے لیے سازگار حالات پیدا کرسکتا ہے۔
جان ہاپکنز کیمل کینسر سینٹر اور دیگر تحقیقی اداروں کے سائنسدانوں کی جانب سے کی گئی اس تحقیق میں کلاؤڈن 4 (Claudin-4) نامی پروٹین کی نشاندہی کی گئی ہے، جو بیکٹیریا کے زہریلے مادے کو آنتوں کے خلیات سے جڑنے میں مدد دیتا ہے۔
سائنسدانوں نے تقریباً دو دہائیوں سے جاری تحقیق کے بعد CRISPR جین ایڈیٹنگ ٹیکنالوجی کی مدد سے اس اہم تعلق کا پتا لگایا۔ تحقیق کے مطابق جب کلاؤڈن 4 پروٹین کو غیر فعال کیا گیا تو بیکٹیریا کا زہریلا مادہ آنتوں کے خلیات سے جڑنے میں ناکام رہا۔
تحقیق کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ سائنسدانوں نے ایک حفاظتی مالیکیول تیار کیا جو زہریلے مادے کو آنتوں کے خلیات تک پہنچنے سے پہلے اپنی جانب متوجہ کرسکتا ہے۔
جانوروں پر کیے گئے تجربات میں اس مالیکیول نے بیکٹیریا کے زہریلے مادے سے ہونے والے نقصان سے تحفظ فراہم کیا۔ تاہم سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس طریقہ علاج کی انسانوں میں افادیت اور حفاظت جانچنے کے لیے مزید تحقیق درکار ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ دریافت بڑی آنت کے کینسر سے متعلق بیماریوں کو سمجھنے، مستقبل میں نئی ادویات تیار کرنے اور ممکنہ حفاظتی طریقہ علاج وضع کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
تحقیق سے یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ آنتوں میں اس بیکٹیریا کی موجودگی کا مطلب یہ نہیں کہ ہر شخص کو کینسر لاحق ہوجائے گا، کیونکہ اس کی بعض اقسام ہی نقصان دہ زہریلا مادہ پیدا کرتی ہیں۔
یہ تحقیق سائنسی جریدے نیچر میں شائع ہوئی ہے۔



