*پاکستان میں سونے کی قیمت میں آج بھی ہزاروں روپے کمی ہوگئی جس کے بعد فی تولہ نرخ 4 لاکھ سے نیچے آ گیا۔*

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونا 10 ہزار روپے سستا ہوکر فی تولہ 3 لاکھ 98 ہزار 936 روپے کا ہوگیا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 8 ہزار 573 روپے کمی سے 3 لاکھ 42 ہزار 23 روپے ہوگئی جبکہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 100 ڈالرز کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 3 ہزار 764 ڈالرز پر آگیا، دوسری جانب چاندی کی فی تولہ قیمت 180 روپے کمی سے 5 ہزار 48 روپے ہوگئی۔
واضح رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔
اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدتے ہیں۔
پاکستان میں سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کردی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔



