گلگت بلتستان کاربن سٹریٹیجی اینڈ ایکشن پلان کا اجرا، یورپی یونین کا تعاون بڑھانے کا اعلان
گلگت: یورپی یونین کے سفیر رائمنڈاس کاروبلیس نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا، ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار معاشی ترقی یورپی یونین کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔
گلگت میں یورپی یونین کے تعاون سے گلگت بلتستان حکومت کیلئے تیار کردہ پہلے **”گلگت بلتستان کاربن سٹریٹیجی اینڈ ایکشن پلان”** کی تقریب رونمائی ہوئی، جس سے خطاب کرتے ہوئے یورپی یونین کے سفیر نے کہا کہ پالیسی کی تیاری کے بعد آنے والے برسوں میں گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ تکنیکی اور مالی تعاون مزید بڑھایا جائے گا۔
تقریب میں صوبائی وزراء اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر کاربن ایکسپرٹ اسحاب اللہ بیگ نے کاربن سٹریٹیجی کے خدوخال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس کا مقصد گلگت بلتستان کو کم کاربن اخراج والی اور موسمیاتی لحاظ سے پائیدار پہاڑی معیشت میں تبدیل کرنا ہے۔
بریفنگ کے مطابق گلگت بلتستان کا سالانہ خام کاربن اخراج 1.123 ملین ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے مساوی ہے، جبکہ مجموعی اخراج میں 84.2 فیصد حصہ ایندھن کی لکڑی اور روڈ ٹرانسپورٹ کا ہے۔
کاربن سٹریٹیجی میں ایندھن کی لکڑی کے متبادل، صاف چولہوں، الیکٹرک گاڑیوں اور ہائیڈرو و سولر توانائی کے فروغ کو ترجیح دی گئی ہے۔
حکمت عملی کے تحت عالمی کلائمیٹ فنانس اور کاربن مارکیٹ سے فوائد حاصل کرنے کیلئے **’جی بی کاربن سیل’** قائم کیا جائے گا، جبکہ ترقیاتی منصوبوں کے ماحولیاتی جائزے کیلئے **’کلائمیٹ آبزرویٹری’** بھی بنائی جائے گی۔ کاربن کریڈٹس سے حاصل ہونے والے منافع میں مقامی آبادی اور کمیونٹی کی منصفانہ شراکت داری کو بھی یقینی بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔
صوبائی وزراء اور اعلیٰ حکام نے یورپی یونین کے تعاون کو سراہتے ہوئے کاربن ایکشن پلان پر مؤثر عملدرآمد کے عزم کا اظہار کیا۔