کوہاٹ میں پرانا پولیس لائنز میں ہونے والے خودکش دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ایف آئی آر ایس ایچ او تھانہ سٹی کوہاٹ کی مدعیت میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کی گئی ہے جس میں دہشت گردی، قتل اور اقدام قتل سمیت متعدد دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے مسجد پولیس لائنز پر بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے خودکش حملہ کیا، دھماکے کے بعد فائرنگ بھی کی گئی جس سے پولیس اہلکار اور شہری شہید و زخمی ہوئے۔
ایف آئی آر کے مطابق دہشت گردوں نے مسجد کو دھماکے سے تباہ کیا اور مسجد کے راستے کو داخلی راستہ بنا کر اندر داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کی، تاہم پولیس نفری نے بھرپور مقابلہ کیا۔ پاک فوج، پولیس اور سی ٹی ڈی کے افسران آپریشن کی قیادت کیلئے موقع پر پہنچے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے خودکش حملے، فائرنگ اور دستی بم حملوں کے نتیجے میں 21 افراد شہید اور بڑی تعداد زخمی ہوئی جبکہ سرکاری اور نجی املاک کو بھی نقصان پہنچا۔