اسلام آباد: حکومت نے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی حاصل کرنے کا طریقہ بتادیا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزرا عطا تارڑ اور علی پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت دو ویلر، تین ویلر اور 800 سی سی تک کی گاڑی رکھنے والے افراد کو ریلیف دیا جائے گا۔
جی بی 16 دیامر 2: پوسٹل بیلٹ کی گنتی کے بعد نتیجہ تبدیل، پی پی امیدوار کامیاب قرار
وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا کہ دو اور تین ویلر گاڑیوں کے لیے 20 لیٹر پیٹرول پر ریلیف دیا جائے گا جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے 30 لیٹر پیٹرول پر سبسڈی دی جائے گی۔
شزا فاطمہ نے بتایا کہ یہ پروگرام دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلے حصے میں رجسٹریشن کرانا ہوگی۔ صارف نے اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ سم سے REG، شناختی کارڈ نمبر، صوبے کا پہلا ہندسہ، مثال کے طور پر اگر آپ سندھ سے ہیں تو S، اور بائیک یا گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ لکھ کر 9771 پر بھیجنا ہوگا۔
وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے مزید کہا کہ رجسٹریشن کے بعد جب آپ پیٹرول لینے جائیں گے تو صارف نے 9771 پر TOK لکھ کر پیغام بھیجنا ہوگا اور موصول ہونے والا ٹوکن پیٹرول پمپ پر دکھا کر سبسڈی حاصل کرنی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنا شناختی کارڈ نمبر یا کوئی بھی ڈیٹا کسی سے بھی شیئر نہیں کرنا۔ حکومت شہریوں سے نہ کوئی ڈیٹا مانگے گی اور نہ ہی کوئی چارجز طلب کرے گی۔ اس عمل میں جو بھی غلطیاں ہوں گی، ان کا جائزہ لے کر انہیں درست کیا جاتا رہے گا۔
واضح رہے کہ حکومتی اسکیم کے تحت اسلام آباد کے شہری 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب 12 بجے سے، جبکہ ملک بھر بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے شہری 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب 12 بجے سے پیٹرول پر ریلیف حاصل کرسکیں گے۔