جنوبی کوریا کی حکومت نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کے تحفظ کے لیے عملی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ وزارتِ دفاع کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق جنوبی کوریا رواں سال کے اختتام سے قبل اس مشن کا آغاز کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
ممکنہ فوجی تعیناتی میں پی-8 میری ٹائم پٹرول طیارے، بارودی سرنگوں اور دھماکا خیز مواد کو ناکارہ بنانے والی ماہر ٹیم، جبکہ ایک لاجسٹک سپورٹ بحری جہاز شامل ہوگا۔
جنوبی کوریا متعلقہ ممالک کے ساتھ بحری جہازوں کے لیے بندرگاہوں اور آپریشنل اڈوں کے استعمال سے متعلق بھی مذاکرات کر رہا ہے۔
حکام کے مطابق منصوبے کو حتمی شکل دینے کے لیے قومی سلامتی کونسل کا فیصلہ، کابینہ کی منظوری اور پارلیمان کی اجازت درکار ہوگی۔ امکان ہے کہ کابینہ کے جائزے کے بعد رواں ماہ منظوری کے لیے معاملہ پارلیمان میں پیش کیا جائے گا۔
تاہم حکومتی ذرائع کے مطابق آبنائے ہرمز سے متعلق حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا اور مختلف آپشنز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔