اسلام آباد کے پولی کلینک ہسپتال کے باہر سے اغوا ہونے والی 8 سے 9 ماہ کی بچی حرین کو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈھائی گھنٹے میں بحفاظت بازیاب کرا لیا۔
متاثرہ خاتون اپنی تین بچیوں کے ہمراہ ہسپتال کے باہر پارکنگ شیڈ کے نیچے سو رہی تھی۔ صبح تقریباً 4 سے 5 بجے آنکھ کھلنے پر اسے معلوم ہوا کہ اس کی سب سے چھوٹی بچی حرین غائب ہے۔ شور مچانے پر ہسپتال انتظامیہ اور قریبی افراد جمع ہوگئے اور پولیس کو اطلاع دی گئی۔
بچی کی والدہ نے ایک خاتون اور اس کے اہلخانہ پر شک ظاہر کیا۔ ایس پی سٹی ڈاکٹر ایاز کی سربراہی میں تھانہ آبپارہ کے ایس ایچ او ذوالفقار علی اور پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ خاتون کو حراست میں لے لیا۔ دوران تفتیش اطلاع ملنے پر خاتون کا داماد بچی کو لے کر خود تھانے پہنچ گیا۔
پولیس نے بچی کو بحفاظت بازیاب کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا اور قانونی کارروائی شروع کردی۔ بچی کو والدہ کے حوالے کیا گیا تو ماں کی خوشی دیدنی تھی۔ متاثرہ خاندان نے بروقت کارروائی پر اسلام آباد پولیس اور ایس پی سٹی ڈاکٹر ایاز کا شکریہ ادا کیا۔