وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے گیس سبسڈی کے موجودہ نظام اور قیمتوں کے سلیب پر نظرثانی کو ضروری قرار دے دیا۔ انہوں نے سوئی سدرن گیس کمپنی کی پائیداری مضبوط بنانے اور انتظامی چیلنجز دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں گیس فراہمی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔
وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت کراچی میں اجلاس ہوا، جس میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی کارکردگی اور اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ تمام صارفین کو منصفانہ اور یکساں قیمت پر گیس کی فراہمی ضروری ہے، جبکہ کمزور طبقات کو ٹارگٹڈ پروگرامز کے ذریعے تحفظ دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے بلوچستان میں گیس فراہمی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔
پمز اسپتال نے میٹرنٹی کے نئےکیسز لینے سے انکارکردیا
وزیر پٹرولیم نے گیس چوری، تکنیکی مسائل اور انفراسٹرکچر کی رکاوٹیں دور کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ گیس چوری اور نقصانات میں کمی کمپنی کی مالی پائیداری کے لیے ناگزیر ہے۔ علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ ایک سال سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا جبکہ گیس سرکلر ڈیٹ میں اضافے کو تقریباً روک دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عالمی بینک کے تعاون سے گیس سیکٹر میں جامع اصلاحات پر کام جاری ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کے الیکٹرک، صنعتی صارفین اور فرٹیلائزر پلانٹس کے لیے لوڈشیڈنگ نہیں ہے، جبکہ گھریلو صارفین کو دن میں تین مرتبہ گیس فراہم کی جا رہی ہے۔