ویڈیو پلیٹ فارمز کے درمیان مسابقت، کنٹینٹ کری ایٹرز کےلیے مالی پیکیج کی پیشکش
ڈیجیٹل ویڈیو پلیٹ فارمز کے درمیان بڑھتی ہوئی عالمی مسابقت کے پیشِ نظر یوٹیوب نے اپنے ٹاپ کنٹینٹ کری ایٹرز کو نیٹ فلکس پر جانے سے روکنے اور ان کا مواد اپنے پلیٹ فارم تک محدود رکھنے کے عوض کروڑوں ڈالر کے مالیاتی پیکیجز کی پیشکش کی ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق یوٹیوب نے کنٹینٹ کری ایٹرز کو مالی ادائیگی کے لیے دو مختلف طریقے اختیار کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ ان میں مخصوص پروگراموں کی براہِ راست فنڈنگ اور بڑے پیمانے کی تجارتی شراکت داریوں سے حاصل ہونے والی آمدنی میں حصہ شامل ہے۔
مشرق وسطیٰ کشیدگی کے باعث سپلائی متاثر، خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ
اگرچہ ابھی تک باضابطہ معاہدے طے نہیں پائے، تاہم یوٹیوب متعدد معروف کری ایٹرز کے ساتھ معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے قریب پہنچ چکا ہے۔
یوٹیوب کے اعلیٰ حکام نے اپنے کری ایٹرز کو خبردار بھی کیا ہے کہ جو افراد نیٹ فلکس پر اپنا مواد پیش کریں گے یا وہاں لائیو اسٹریمنگ کریں گے، انہیں یوٹیوب کی مارکیٹنگ مہمات سے الگ کردیا جائے گا۔
موجودہ دور میں یوٹیوب دنیا بھر میں کسی بھی دوسرے اسٹریمنگ پلیٹ فارم کے مقابلے میں زیادہ بڑا اور وسیع ناظرین کا طبقہ رکھتا ہے۔
مالیاتی اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال یوٹیوب کی کل آمدنی 60 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی تھی، جو اسی سال نیٹ فلکس کی مجموعی آمدنی سے کہیں زیادہ تھی۔ اس کے علاوہ یوٹیوب گزشتہ چار سال کے دوران اپنے کری ایٹرز کو 100 ارب ڈالر سے زیادہ رقم تقسیم کرچکا ہے۔
دوسری جانب نیٹ فلکس نے بھی نوجوان ناظرین کو متوجہ کرنے کے لیے یوٹیوب کے مقبول ڈیجیٹل مواد، جیسے کوکومیلن، کے لائسنس حاصل کیے ہیں، جس کے بعد دونوں اداروں کے درمیان مواد کی بالادستی کے لیے ایک نئی معاشی جنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔