پاکستان نے 24 رکنی بین الحکومتی گروپ جی 24 (G-24) کی سربراہی یکم نومبر 2026 سے سنبھال لی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اس موقع پر ترقی پذیر معیشتوں کی اجتماعی آواز مضبوط بنانے اور عالمی مالیاتی نظام کو زیادہ منصفانہ، جامع اور ترقی پر مبنی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

فنانس ڈویژن کے مطابق وزیر خزانہ نے پاکستان کی چیئرمین شپ کے لیے تین اہم ترجیحات کا اعلان کیا، جن میں عالمی اقتصادی پالیسی سازی میں ترقی کو مرکزی حیثیت دینا، ترقی پذیر ممالک کی عالمی مالیاتی اداروں میں مؤثر نمائندگی یقینی بنانا اور بین الاقوامی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاحات شامل ہیں۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ترقی پذیر معیشتوں کا مستقبل عالمی معیشت کے مستقبل سے جڑا ہوا ہے اور یہ ممالک سرمایہ کاری، اختراع، صنعت کاری اور عالمی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے عالمی بینک اور آئی ایم ایف جیسے اداروں میں منصفانہ طرز حکمرانی، فیصلہ سازی میں بامعنی شرکت اور ترقی پذیر ممالک کی ضروریات کے مطابق اصلاحات پر زور دیا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سربراہی میں قرضوں کے پائیدار حل، ترقیاتی مالی معاونت، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور سرکاری و نجی سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی توجہ دی جائے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان افریقہ، ایشیا، لاطینی امریکا اور کیریبین کے رکن ممالک سمیت عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ مل کر مشترکہ ترجیحات کو عملی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے کام کرے گا۔



