چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا کی ہدایت پر صوبے کے تمام اضلاع کے کمشنرز نے ای آئی ایم ایس کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیے۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹس، کافی شاپس اور میرج ہالز کے لیے ای آئی ایم ایس (EIMS) کے ذریعے رسید جاری کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ایران کو فوجی دباؤ سے زیادہ امریکی اقتصادی پابندیوں کی فکر ہے: امریکا
نوٹیفکیشن کے مطابق ای آئی ایم ایس کے تحت رسید جاری نہ کرنے والے کاروباروں پر 4 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کی صورت میں کاروبار کو ایک ماہ تک سیل بھی کیا جا سکے گا۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی نے کارِ سرکار میں مداخلت، سیلز ریکارڈ میں خردبرد یا ریکارڈ فراہم نہ کرنے کی صورت میں بھی سخت قانونی کارروائی کی تنبیہ کی ہے۔
نوٹیفکیشن میں صارفین کو کچن آرڈر سلپس، غیر ادا شدہ بل یا اس نوعیت کی دیگر رسیدیں جاری کرنے پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ کاروباری مراکز کے لیے لازم ہوگا کہ صارفین کو ایسی رسید جاری کریں جس پر کاروبار کا نام، پتہ، رسید نمبر اور پنجاب ریونیو اتھارٹی کا کیو آر کوڈ درج ہو۔
پی آر اے کے چیئرمین معظم اقبال سپرا کی ہدایت پر صوبے کے تمام اضلاع کے کمشنرز نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیے ہیں۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیکس وصولی کے نظام میں شفافیت لانا، سیلز ریکارڈ کو ڈیجیٹل بنانا اور ٹیکس چوری کی روک تھام یقینی بنانا ہے۔