وزیر دفاع خواجہ آصف نے میر رضا کیس میں حکومت سندھ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح کے نتائج سامنے آ رہے ہیں، ان سے ثابت ہو رہا ہے کہ پورا سسٹم کمپرومائزڈ تھا۔
سوشل میڈیا پر جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ کا ایک کلپ ری پوسٹ کرتے ہوئے خواجہ آصف نے لکھا کہ جس طرح اس کیس پر توجہ دی جارہی ہے، اس کے نتیجے میں حقائق اور نتائج سامنے آرہے ہیں۔
پاکستان کے ساحلی علاقے کے قریب زلزلے کے جھٹکے
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پورا سسٹم کمپرومائزڈ تھا، اب بھی پہرہ دینا ہوگا، ورنہ جس طرح پہلے مک مکا ہوا تھا، دوبارہ بھی ایسا ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے معاملے کو چھپانے کی کوشش کی، انہیں بھی بے نقاب ہونا ہوگا۔
دوسری جانب حکومت سندھ نے میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار کا کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے کہ میر رضا کی فیملی کو انصاف ملے۔
انہوں نے بتایا کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے نئی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے، جبکہ متضاد رپورٹس کے معاملے کا فیصلہ کمیشن یا عدالت پر چھوڑا جائے گا۔