متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
انتخابات میں حمایت حاصل کرنے کی غرض سے مسلم لیگ (ن) کا وفد صوبائی صدر بشیر میمن کی سربراہی میں ایم کیو ایم پاکستان کے بہادر آباد مرکز پہنچا، جہاں ان کی ملاقات ایم کیو ایم کے سینیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر رہنماؤں سے ہوئی۔
کاکروچ جنتا پارٹی کا حکومت سےکامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کرنےکا اعلان
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے تمام امیدوار مسلم لیگ (ن) کے حق میں دستبردار ہو جائیں گے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ کشمیر میں یہ انتخابات مسلم لیگ (ن) جیتے گی، اور (ن) لیگ کی جیت کا مطلب ایم کیو ایم کی جیت ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایم کیو ایم کے تین اہم مطالبات ہیں؛ جن میں اول 140 اے سے متعلق مجوزہ آئینی ترمیمی بل، دوم سندھ میں گورنر شپ، اور سوم آزاد کشمیر انتخابات جیتنے کے بعد حکومت سازی کے عمل میں ایم کیو ایم کو بھی شامل کرنا ہے۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) سندھ کے رہنما بشیر میمن کا کہنا تھا کہ وہ انتہائی مشکور ہیں کہ اتحادیوں نے ان کا ساتھ دیا، انہوں نے مزید کہا کہ گورنر مسلم لیگ (ن) کا ہو یا ایم کیو ایم کا، وہ تمام عوام کے گورنر ہیں۔