عالمی جریدے فارن افیئر نے ایران اور امریکا کے درمیان تباہ کن جنگ کے خاتمے میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے امن کا ضامن قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس بحران میں پاکستان ایک بڑی عالمی طاقت کے طور پر ابھر کر سامنے آیا۔
رپورٹ کے مطابق 7 اپریل کو امریکی ڈیڈ لائن ختم ہونے سے قبل فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایک اہم ٹیلیفونک رابطہ کاری نے ممکنہ تباہ کن صورتحال کو ٹالنے میں کردار ادا کیا۔ جریدے کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی قیادت پر زور دینے کے بعد چند ہی گھنٹوں میں جنگ رک گئی، جبکہ انہوں نے غیر یقینی صورتحال میں مؤثر قیادت کا مظاہرہ کیا۔
وزارت خزانہ کا رواں مالی سال کیلئے کفایت شعاری اقدامات کا نوٹیفکیشن جاری
فارن افیئر کے مطابق پاکستان میں ایک بااثر عالمی طاقت کی تمام بنیادی خصوصیات موجود ہیں، جن میں علاقائی اثر و رسوخ، معاشی صلاحیت اور مختلف ریاستوں کے ساتھ مضبوط تعلقات شامل ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ خطرناک بحران کے دوران پاکستان نے وہ کردار ادا کیا جو چین، فرانس، جرمنی، بھارت اور برطانیہ جیسی بڑی طاقتیں بھی ادا نہ کر سکیں۔
جریدے نے مزید کہا کہ اگر امریکا مہنگی جنگوں سے خود کو دور رکھنا چاہتا ہے تو اسے پاکستان سمیت ابھرتی ہوئی نئی طاقتوں کے ساتھ اپنے تعلقات مزید مضبوط بنانے ہوں گے۔