پاکستانی اداکارہ اور ماڈل ہما سلیم نے ایک نامعلوم پاکستانی کرکٹر پر ہراسانی، ذہنی دباؤ اور دھمکانے کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس معاملے میں قانونی کارروائی کی تیاری کر رہی ہیں اور جلد اپنی قانونی ٹیم کے ذریعے شواہد بھی سامنے لائیں گی۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ہما سلیم نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ کرکٹر نے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے ان کے اہلِ خانہ، دوستوں اور شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد سے رابطے کیے۔ ان کے مطابق تعلق ختم ہونے کے باوجود مبینہ طور پر ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری رہا۔
ہما سلیم کا کہنا تھا کہ جب بھی وہ اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کی کوشش کرتی ہیں، متعلقہ شخص دوبارہ سامنے آ کر انہیں ذہنی اذیت پہنچاتا ہے۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ جب انہوں نے دوبارہ اپنے پیشہ ورانہ کام کا آغاز کیا تو ان کے خلاف مبینہ طور پر انڈسٹری کے افراد کو منفی پیغامات بھی بھیجے گئے۔
اداکارہ کے مطابق یہ تعلق ذہنی اذیت پر مبنی تھا۔ اگرچہ انہوں نے کسی کا نام ظاہر نہیں کیا، تاہم انہوں نے متعلقہ کرکٹر کو "دھوکے باز، فراڈی اور خواتین کا استحصال کرنے والا” قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ اور اس کے اہلِ خانہ ان کے خلاف کردار کشی کی منظم مہم چلا رہے ہیں۔
ہما سلیم نے کہا کہ کوئی بھی خاتون اس وقت تک خود کو عوامی تنقید کے لیے پیش نہیں کرتی جب تک اس کے پاس تمام راستے ختم نہ ہو جائیں۔
انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ان کے پاس مذکورہ کرکٹر کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے فنڈز مبینہ طور پر ہوٹلوں میں استعمال کیے جانے سے متعلق معلومات موجود ہیں۔ ان کے مطابق ان کی قانونی ٹیم دستاویزی شواہد مرتب کر رہی ہے اور آئندہ چند روز میں قانونی کارروائی کے دوران مزید تفصیلات اور متعلقہ شواہد عوام کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ہما سلیم نے اپنی پوسٹس میں کسی بھی کرکٹر کا نام ظاہر نہیں کیا، جبکہ ان کے الزامات پر تاحال کسی کرکٹر، پاکستان کرکٹ بورڈ یا کسی متعلقہ فریق کی جانب سے باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ یہ تمام دعوے ہما سلیم کے بیانات پر مبنی ہیں اور ان کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔