پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل نے نرسز کے یونیفارم میں تبدیلی کرتے ہوئے ڈھائی سال بعد گہرے نیلے رنگ کی جگہ دوبارہ سفید یونیفارم بحال کر دیا ہے۔
کونسل کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق ملک بھر میں تمام مرد اور خواتین نرسز کے لیے سفید یونیفارم پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
نئی ہدایات کے تحت خواتین نرسز سفید شلوار قمیض، سفید کوٹ، سفید دوپٹہ اور کالے جوتے پہنیں گی، جبکہ موسم سرما میں کالے رنگ کی جرسی یا کوٹ استعمال کیا جائے گا۔
اسی طرح مرد نرسز کے لیے سفید شرٹ، سفید ٹراؤزر اور کالے جوتے مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ سردیوں میں انہیں سیاہ جرسی یا کوٹ پہننے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل نے واضح کیا ہے کہ آئی سی یو اور آپریشن تھیٹرز میں کام کرنے والی نرسز متعلقہ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ مخصوص یونیفارم استعمال کریں گی۔
واضح رہے کہ جنوری 2024 میں نرسز کے روایتی سفید یونیفارم کو تبدیل کرکے گہرے نیلے رنگ کا کر دیا گیا تھا، تاہم اب تقریباً ڈھائی سال بعد دوبارہ سفید یونیفارم بحال کر دیا گیا ہے۔