چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی، بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ سے آزاد کشمیر کی صورتحال باعثِ تشویش ہے، اس لیے ضروری ہے کہ تمام متعلقہ فریق مل کر ایسا حل تلاش کریں جو کشمیری عوام کے مفاد میں ہو اور کشمیر کاز کو نقصان نہ پہنچے۔
مظفرآباد میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے عہدیداران اور ٹکٹ ہولڈرز سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کشمیری عوام کے خلاف کوئی بھی ناانصافی یا نامناسب اقدام ان کے لیے باعثِ افسوس ہے، کیونکہ وہ کشمیریوں کے دکھ درد کو اپنا دکھ سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل ریاست کی ذمہ داری ہے، اور جب تک آزاد کشمیر میں حالات بہتر نہیں ہوتے، اس کا منفی اثر کشمیر کاز پر بھی پڑتا رہے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کے خلاف کسی بھی قسم کی تنقید یا مہم ان کے نزدیک ناقابلِ قبول ہے، کیونکہ وہ انہیں قومی سلامتی کا اہم ستون سمجھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے کردار کو عالمی سطح پر قیامِ امن کے حوالے سے سراہا جاتا ہے، جبکہ ان کے بقول ملک کی عسکری قیادت کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے۔