نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (نیشنل ای او سی) کے مطابق پاکستان اور دنیا بھر سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے آئندہ چھ ماہ انتہائی فیصلہ کن ہیں۔
گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشیٹو کے پولیو اوور سائٹ بورڈ کے اعلیٰ سطحی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا اور نیشنل ای او سی میں انسدادِ پولیو پروگرام کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔
بھارت سن لے پاکستان کا پانی روکنا ’ایکٹ آف وار‘ تصور ہوگا: رانا تنویرحسین
ملاقات کے دوران وفد کو ملک میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات، حکمت عملی اور حالیہ پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
نیشنل ای او سی کے مطابق وفد نے پاکستان کے انسدادِ پولیو پروگرام پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مسلسل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ وفد نے پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں حکومتِ پاکستان کی مؤثر قیادت اور مضبوط عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئندہ چھ ماہ پاکستان سمیت دنیا بھر سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
وفد نے اس موقع پر پولیو وائرس کے خاتمے کی مہم کے ساتھ ساتھ معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کے نظام کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا، تاکہ بچوں کو قابلِ انسداد بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے صحتِ عامہ کا نظام مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
دورے کے دوران پولیو اوور سائٹ بورڈ کے اراکین نے خواتین فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز سے بھی ملاقات کی، ان کے تجربات سنے اور ملک بھر میں پولیو کے خاتمے کے لیے انجام دی جانے والی ان کی خدمات کو سراہا۔
وفد نے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی غیر معمولی کاوشوں کو پولیو کے خاتمے کی جدوجہد میں کلیدی قرار دیتے ہوئے ان کے کردار کی بھرپور تعریف کی۔