(سٹاف رپورٹر/نیوز ڈیسک): اپنے آبائی حلقے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ بھارت پاکستان کا سب سے بڑا دشمن ہے اور بھارتی خفیہ ایجنسی "را” دہشت گردوں کی سرپرستی کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پانی روکنے کی کسی بھی کوشش کو "ایکٹ آف وار” تصور کیا جائے گا، جبکہ ورلڈ بینک کی گارنٹی کے تحت پانی کا معاہدہ پاکستان کا قانونی حق ہے۔
5 سال سے زیر تعمیر یونیورسٹی روڈ پیپلز پارٹی کی کرپشن اور لاپرواہی کا نمونہ ہے: مفتاح اسماعیل
رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر اہم فورمز پاکستان کے مؤقف کی حمایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے خطے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی کارروائیوں کے باعث کشیدگی برقرار ہے، تاہم جنگ کے امکانات کم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا، قطر اور سعودی عرب خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے متحرک کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ ایران اور دیگر ممالک کے درمیان تنازع مزید پھیلنے سے روکنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل علاقائی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں، جبکہ آزاد کشمیر کے 38 مطالبات میں سے 36 منظور کیے جا چکے ہیں اور حکومت مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کو ترجیح دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور حکومت ہر صورت دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور اسرائیل خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
معاشی امور پر گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ مہنگائی کے باوجود پاکستان کی صورتحال کئی ممالک سے بہتر ہے۔ انہوں نے موٹروے ٹول ٹیکس میں اضافے کو سڑکوں کی دیکھ بھال کے بڑھتے ہوئے اخراجات کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو مالی خسارے کا سامنا ہے، جس کے باعث اضافی وسائل کی ضرورت پیش آئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوامی خدمت اور معاشی استحکام کے لیے اپنے اقدامات جاری رکھے گی۔