Gas Leakage Web ad 1

حکمرانوں اور بیرونی طاقتوں کی خواہشات پر تاریخ مسخ کی گئی: خواجہ آصف

0

سیالکوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ موجودہ تعلیمی نصاب اپنی اصل روح سے ہٹ چکا ہے اور ماضی میں پاکستان تحریک، برصغیر، مسلم تاریخ اور عالمی تاریخ جس معیار کے ساتھ پڑھائی جاتی تھی، آج وہ معیار برقرار نہیں رہا۔

Gas Leakage Web ad 2

انہوں نے کہا کہ مختلف ادوار میں حکمرانوں کی سیاسی ضروریات اور بعض سپر پاورز کو خوش کرنے کے لیے تاریخ کو تبدیل اور مسخ کیا گیا، جس کے نتیجے میں طلبہ کو کئی ایسے حقائق پڑھائے گئے جو حقیقت پر مبنی نہیں تھے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ موجودہ نصاب ایسے شہری تیار نہیں کر رہا جن کی معاشرے اور ملک کو ضرورت ہے۔ ان کے مطابق تعلیم کا مقصد صرف ڈگری حاصل کرنا یا سرکاری ملازمت پانا نہیں بلکہ ایسے باکردار، ذمہ دار اور مثالی شہری تیار کرنا ہے جو معاشرے کی مثبت رہنمائی کر سکیں۔

آیت اللہ علی خامنہ ای عظیم رہنما تھے، ہر حال میں شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے: وزیراعظم

وزیر دفاع نے زور دیا کہ تعلیمی نظام اور نصاب کو قومی ضروریات اور معاشرتی تقاضوں کے مطابق تشکیل دینا ہوگا تاکہ نئی نسل کو درست تاریخی شعور، بہتر اخلاقی اقدار اور مثبت کردار کے ساتھ مستقبل کی ذمہ داریاں نبھانے کے قابل بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ضروریات کے مطابق نصاب نہیں پڑھایا جا رہا اور یہ بھی ایک بڑا المیہ ہے کہ بہت سی طالبات میڈیکل ڈگری حاصل کرنے کے باوجود عملی طب کے شعبے سے وابستہ نہیں ہوتیں۔ ان کے بقول اس مسئلے کے حل میں اساتذہ کا کردار انتہائی اہم ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ سیاست دانوں کو اگر خود منزل کا تعین نہ ہو تو وہ دوسروں کی رہنمائی نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم کے مطابق شناخت پاکستانی ہونی چاہیے، علاقائی نہیں، اور قومی شناخت کے فروغ کے لیے خطے میں پڑھایا جانے والا نصاب غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی یکجہتی کے لیے پنجاب سے گلگت بلتستان تک یکساں نصاب ہونا چاہیے اور قومی اہداف کے حصول کے لیے ابھی ایک طویل سفر طے کرنا باقی ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ ڈیڑھ سال میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کی مثال پاکستان کی 78 سالہ تاریخ میں نہیں ملتی۔

وزیر دفاع نے کہا کہ معرکۂ حق کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی اور جو ملک کبھی دہشت گردی کے حوالے سے پہچانا جاتا تھا، وہ آج امن کی علامت بن کر ابھرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کو تباہی سے بچانے میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے اہم کردار ادا کیا، جبکہ سیاست دانوں کو باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملکی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.