لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جب کاہنہ جیسے افسوسناک سانحات پیش آتے ہیں تو انہیں رات بھر نیند نہیں آتی۔
لاہور میں پیغامِ امن کمیٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سانحہ کاہنہ میں 14 معصوم بچے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو اپنے بچوں کو گھر سے باہر بھیجنے سے پہلے یہ تسلی کر لینی چاہیے کہ وہ محفوظ ہیں۔
سانحہ گل پلازہ: انتظامی غفلت چالان میں شامل نہیں، پولیس چالان اعتراض لگاکر پھر واپس
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب بھی اس نوعیت کا کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو انہیں رات کو نیند نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص گٹر میں گر کر جان سے جاتا ہے تو وہ اسے اپنی ذمہ داری سمجھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ رات کو گٹر کا ڈھکن لگا دیتی ہے لیکن بعد میں کوئی اسے چوری کر لیتا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ سرگودھا میں ایک بچی کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ انتہائی دلخراش تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک معصوم بچی صرف 10 روپے لے کر کوئی چیز خریدنے گھر سے نکلی تھی لیکن اس کے ساتھ بدسلوکی کی گئی اور اس کی شناخت چھپانے کے لیے اس کا گلہ کاٹ دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ذمہ داری ادا کر رہی ہے، تاہم حکومت کی ہر گھر تک رسائی ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بات کا جائزہ لینا ہوگا کہ لوگ اپنے بیٹوں اور مردوں کی کس انداز میں تربیت کر رہے ہیں، کیونکہ سماجی مسائل کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ سماجی مسائل کا تدارک اجتماعی کوششوں سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تمام ادارے محنت اور دلجمعی سے کام کر رہے ہیں اور قیامِ امن کے لیے صوبائی کابینہ، آئی جی پنجاب اور انتظامیہ بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی پاکستان کے ماتھے کا جھومر ہے اور اس کامیابی کے بعد پاکستان کو پوری دنیا میں عزت اور وقار حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کا کریڈٹ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو جاتا ہے۔