آزاد کشمیر انتخابات: مسلم لیگ (ن) نے 45 میں سے37 حلقوں کے ٹکٹ جاری کر دیے
اسلام آباد: آزاد کشمیر انتخابات کے لیے مسلم لیگ (ن) نے 45 میں سے 37 حلقوں کے ٹکٹ جاری کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پارٹی نے 45 میں سے 37 حلقوں کے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دیے ہیں، جبکہ باقی 8 حلقوں پر مشاورت آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ نواز شریف اور شہباز شریف نے رانا ثناء اللہ اور امیر مقام کو انتخابی ٹاسک بھی سونپ دیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں امن دشمنوں کا ایک اور بزدلانہ حملہ،7 افراد شہید،متعدد زخمی
ذرائع کا کہنا ہے کہ باقی 8 امیدواروں کے ٹکٹوں کا اعلان آئندہ دو روز میں کیے جانے کا امکان ہے، جس کے لیے رانا ثناء اللہ اور امیر مقام کی اہم امیدواروں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق چوہدری محمد اظہر صادق کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اور انتخاب لڑنے کے معاملات طے پا گئے ہیں، جبکہ عباس پور سے یاسین گلشن کو مسلم لیگ (ن) کا امیدوار نامزد کیے جانے کا امکان ہے۔ لچھراٹ سے سابق وزیر حکومت چوہدری شہزاد نے بھی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ راج محل کوٹلی سے ملک نواز کو پارٹی ٹکٹ ملنے کے امکانات ہیں، جبکہ راولاکوٹ ایل اے-22 سے سردار جاوید شریف کو ٹکٹ دیے جانے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ امیدواروں کے نام حتمی منظوری کے لیے نواز شریف کو بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ ٹکٹ سے محروم رہنماؤں کو پارٹی ڈسپلن میں رکھنے کے لیے رابطے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔