لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں کاروباری مراکز کے نئے اوقاتِ کار مقرر کر دیے ہیں جو فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔
چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گرمیوں میں دن کے دورانیے اور درجہ حرارت میں اضافے کے پیش نظر دکانوں، بازاروں، شاپنگ مالز، ڈپارٹمنٹل اسٹورز اور کریانہ اسٹورز کو رات 9 بجے بند کرنا لازمی ہوگا۔
گلگت بلتستان میں اقتدار کی جنگ
نوٹیفکیشن کے تحت شادی ہالز، مارکیز اور تقریبات کے مقامات رات 10 بجے تک کھلے رہ سکیں گے، جبکہ ریسٹورنٹس، سنیما گھروں، کھانے پینے کے مراکز، پھل اور سبزیوں کی دکانوں کو رات 11 بجے تک کاروبار جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔
ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری کی سہولیات کو ان اوقاتِ کار کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
اسی طرح میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریوں، کلینکس اور اسپتالوں پر بھی نئے اوقاتِ کار لاگو نہیں ہوں گے۔ بیکریاں، تندور، دودھ اور ڈیری شاپس، پیٹرول پمپ، سی این جی اسٹیشن اور برقی گاڑیوں کے چارجنگ مراکز بھی اس پابندی سے مستثنیٰ رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جم، کھیلوں کی سہولیات، معلوماتی ٹیکنالوجی کی کمپنیاں اور کال سینٹرز کو بھی نئے اوقاتِ کار سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
پنجاب حکومت نے تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ نئے اوقاتِ کار پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
دوسری جانب بلوچستان حکومت نے بھی کاروباری اور تجارتی مراکز کی بندش کے اوقات سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
محکمہ نظم و نسق بلوچستان کے مطابق وفاقی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں صوبے بھر کی دکانیں، مارکیٹس، شاپنگ مالز اور اسٹورز رات 9 بجے بند کیے جائیں گے، جبکہ شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تجارتی مراکز رات 10 بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔
اسی طرح ریسٹورنٹس، کیفے، سبزی اور پھلوں کی دکانیں رات 11 بجے بند ہوں گی۔
بلوچستان حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق میڈیکل اسٹورز، اسپتال، لیبارٹریاں، سی این جی اسٹیشنز اور پیٹرول پمپ ان اوقاتِ کار کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔