Gas Leakage Web ad 1

پاکستان کی ترقی بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی سے روکی نہیں جا سکتی: فیلڈ مارشل

0

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے اعلیٰ تربیتی معیار، فکری استعداد اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

Gas Leakage Web ad 2

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں زیر تربیت افسران اور اساتذہ سے خطاب کیا اور جدید جنگ کے تیزی سے بدلتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالی۔

ایران کے ساتھ دوطرفہ تعاون تمام شعبوں میں بڑھانا چاہتے ہیں: اسحاق ڈار

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ افسران بدلتے ہوئے جنگی تقاضوں کا مؤثر جواب دینے کے لیے اپنی اور اپنے جوانوں کی مسلسل تربیت کو یقینی بنائیں، اور افسران پیشہ ورانہ مہارت، تیاری اور آپریشنل برتری کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ کالج کے فارغ التحصیل افسران اپنی غیر معمولی کارکردگی اور پیشہ ورانہ لگن کے باعث ہمیشہ نمایاں رہے ہیں۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور عروج کو پروپیگنڈے، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ذریعے روکا نہیں جا سکتا، اور پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں ناکام ہوں گی، جبکہ ریاست کی مضبوطی اور عوام کے اتحاد کے باعث یہ دشمن قوتیں بالآخر ناکامی سے دوچار ہوں گی۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پائیدار ترقی عوام دوست حکمت عملی اور بہتر طرز حکمرانی کے ساتھ مؤثر سکیورٹی اقدامات سے مشروط ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، ملٹی ڈومین آپریشنز، تینوں افواج کے درمیان ہم آہنگی اور مستقبل کے جنگی چیلنجز سے باخبر رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔

فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات فارمیشنز کے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان میں پائیدار امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے بلوچستان حکومت کی سماجی و معاشی بہتری اور ریاست و عوام کے درمیان تعلق کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ عوام کی فلاح کو مدنظر رکھتے ہوئے طویل المدتی ترقی نہایت اہم ہے، جبکہ بلوچستان میں سکیورٹی اقدامات کے ساتھ ساتھ بہتر حکمرانی اور ترقی بھی اہمیت رکھتی ہے۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ پاکستان نے دنیا میں بلند مقام حاصل کرنا ہے اور پاکستان کا ترقی اور خوشحالی کا سفر اپنی منزل تک ضرور پہنچے گا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.