پنجاب کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تین ماہ کی تعطیلات کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔
یہ درخواست آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس پر جسٹس خالد اسحاق کل سماعت کریں گے۔
درخواست میں پنجاب حکومت، محکمہ اسکولز ایجوکیشن اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے تین ماہ کی موسم گرما کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، جبکہ پاکستان میں تعلیمی سال پہلے ہی کم ہو کر 120 دن تک رہ گیا ہے، اس کے برعکس امریکا، انگلینڈ سمیت دیگر ممالک میں تعلیمی سال تقریباً 230 دن پر مشتمل ہوتا ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ تین ماہ تعلیمی اداروں کی بندش سے طلبہ کی تعلیم متاثر ہوگی۔ استدعا کی گئی ہے کہ عدالت اس نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے۔
درخواست گزار نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ عدالت موسم گرما کی تعطیلات 6 سے 8 ہفتے تک محدود کرنے کا حکم دے۔