وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب میں ماڈل ولیج پروگرام کے تحت 2 ہزار دیہات کو جدید سہولتوں سے آراستہ کیا جا رہا ہے، جبکہ روابط میں بہتری کے لیے شاہراہوں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی ترقی دی جا رہی ہے۔
آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ورلڈ اربن فورم سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ستھرا پنجاب میگا پروجیکٹ کے تحت صفائی کا جامع نظام تشکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) نے لاہور کو ایک اہم ثقافتی شہر قرار دیا ہے اور حکومت سیاحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ وہ آذربائیجان کی قیادت کی بہترین مہمان نوازی پر مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر الہام علیوف کی قیادت میں آذربائیجان کی ترقی قابل تحسین ہے۔ ان کے مطابق وہ پاکستان کی قیادت اور عوام کی طرف سے محبت کا پیغام لے کر آئی ہیں اور ورلڈ اربن فورم میں شرکت پر خوشی ہے۔
ورلڈ اربن فورم کی سائیڈ لائنز پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی مختلف عالمی رہنماؤں سے خوشگوار اور تعمیری ملاقاتیں بھی ہوئیں۔ ان رہنماؤں میں بلغاریہ کے صدر رومین رادیو، کرغز ریپبلک کے صدر صدر جپاروو، ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف اور جارجیا کے وزیر اعظم شامل تھے۔ ان ملاقاتوں میں پائیدار، مضبوط اور عوام دوست شہری ترقی کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔
اس سے قبل مریم نواز نے باکو کے قدیم علاقے کا دورہ کیا اور وہاں تندور میں روٹی بھی بنائی۔