حکومت پنجاب نے عید الاضحیٰ کے دوران عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اہم فیصلہ کیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق پنجاب میں عید کی تعطیلات کے دوران عارضی طور پر نصب کیے جانے والے مکینیکل جھولوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ تفریحی پارکس میں مستقل طور پر نصب جھولوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق پارکس میں مستقل نصب مکینیکل جھولوں کے مالکان یا آپریٹرز کو متعلقہ ڈپٹی کمشنرز سے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا، اور اس حوالے سے صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کر دی گئی ہیں تاکہ ہر جھولا حفاظتی معیار پر پورا اترے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ اس بات کی تصدیق کرے گی کہ مستقل نصب جھولے تمام حفاظتی پروٹوکولز پر عمل کر رہے ہیں، تاہم ان پر پابندی عائد نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کیونکہ عیدالاضحیٰ کی تعطیلات میں شہریوں خصوصاً بچوں کی بڑی تعداد مکینیکل جھولوں کا استعمال کرتی ہے، جبکہ عارضی طور پر نصب جھولے اکثر حفاظتی پروٹوکولز پر عمل نہیں کرتے اور اوورلوڈنگ کے باعث حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ نے مزید کہا کہ عید کی تعطیلات کے دوران عارضی مکینیکل جھولوں پر مکمل پابندی ہوگی اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس حکم نامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔